08 دسمبر ، 2018
پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں 12 سال سے میڈیا ڈپارٹمنٹ کے سربراہ اور صحافی سمیع الحسن کو نیا ڈائریکٹر میڈیا و کمیونیکیشن مقرر کر دیا۔
پی سی بی چیئرمین احسانی مانی بھی ماضی کے سربراہوں کی طرح اپنی انتظامی ٹیم لارہے ہیں اور یہ تقرریاں ایسے موقع پر ہو رہی ہیں جب بورڈ کو کئی تنازعات کا سامنا ہے۔
پی سی بی کا میڈیا ڈپارٹمنٹ گزشتہ کئی سالوں سے میڈیا کو معلومات فراہم کرنے میں ناکام تھا، اس لیے بورڈ نے اس عہدے کیلئے ہائی پروفائل تقرری کی ہے۔
کراچی میں انگریزی اخبار سے وابستہ سمیع الحسن مشہور صحافی آئی ایچ برنی کے بیٹے ہیں اور وہ 2002 سے 2004 تک بورڈ میں خدمات انجام دے چکے ہیں جب کہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ میں جنرل توقیر اور شہریار خان کے دور میں بھی جنرل منیجر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں۔
احسان مانی کی تقرری کے بعد پی سی بی میں نئے افسران کی تعیناتی ہو رہی ہے اور مزید کئی تقرریوں کا امکان ہے جب کہ پی سی بی بڑے میں پیمانے پر لوگوں کو ملازمت سے فارغ کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
پی سی بی نے ہفتے کو اعلان کیا کہ سمیع الحسن آئی سی سی میں نوٹس پیریڈ ختم ہونے کے بعد آئندہ ماہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، 51 سالہ سمیع الحسن، امجد حسین بھٹی کی جگہ ڈائریکٹر بنے ہیں۔
سمیع الحسن 30 سال کا تجربہ رکھتے ہیں اور وہ 16 سال صحافت سے وابستہ رہے جب کہ 14 سال سےکمیونیکیشن اور میڈیا آپریشنز میں کام کر رہے ہیں۔
چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ بورڈ سمیع کے تجربے سے فائدہ اٹھائے گا جب کہ سمیع نے دوسری مرتبہ موقع دینے پر بورڈ کا شکریہ ادا کیا ہے۔