20 دسمبر ، 2018
سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں گورنر راج کی مدت مکمل ہونے پر قابض بھارتی حکومت نے وادی میں صدارتی راج آج سے نافذ کردیا۔
گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے گورنر ستیاپال نے گورنر راج کی مدت مکمل ہونے کے بعد قابض بھارتی حکومت کو خط لکھا جس میں انہوں نے صدارتی راج کے نفاذ کی سفارش کی۔
نریندر مودی حکومت نے گورنر کی سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے سمری صدر رام ناتھ کووند کو ارسال کی جس پر انہوں نے دستخط کردیے۔
صدر کی منظوری کے بعد مقبوضہ کشمیر میں آج سے صدارتی راج نافذ ہوگیا جس کے تحت ریاست کے تمام آئینی، انتظامی اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل ہوجائیں گے۔
یاد رہے کہ رواں سال جون میں مقبوضہ کشمیر اسمبلی میں کٹھ پتلی حکومت کی اتحادی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے حکمراں اتحاد سے علیحدگی اختیار کی جس کے بعد وزیراعلیٰ محمودہ مفتی کی حکومت اسمبلی میں اکثریت کھو بیٹھی۔
گورنر راج کے دوران مقبوضہ کشمیر میں ڈھونگ بلدیاتی انتخابات کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں 95.73 فیصد کشمیریوں نے بائیکاٹ کر کے بھارت اور دنیا بھر کو واشگاف انداز میں اپنا فیصلہ سنایا۔
میونسپل انتخابات کا ٹرن آؤٹ 4.27 فیصد رہا، اتنا کم ٹرن آؤٹ وادی میں 1951 سے اب تک کم ترین ریکارڈ ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ صرف ضلع بارہ مولا میں ایک امیدوار صرف ایک ووٹ لے کر کامیاب ہوا۔