پاکستان

اسپیکر قومی اسمبلی نے خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے


اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی نے خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے۔

جیونیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان کے رواں سیشن میں شرکت کے لیے (ن) لیگی ایم این اے سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے۔

سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر قومی اسمبلی کے قواعد 2007 کے قاعدہ 108 کے تحت جاری کیے گئے جس کے تحت اسپیکر کسی بھی زیرحراست رکن کو اجلاس میں شرکت کے لیے طلب کرسکتا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے گزشتہ روز اٹارنی جنرل اور وزیر قانون کے ساتھ اس حوالے سے مشاورت کی تھی جس میں انہیں مشورہ دیا گیا کہ اسپیکر اجلاس میں شرکت کے لیے اسمبلی رول کے تحت کسی بھی رکن کے پروڈکشن آرڈر جاری کرسکتے ہیں اور اس میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں۔

کل قومی اسمبلی کے رواں سیشن کا آخری دن ہے اور پروڈکشن آرڈر جاری ہونے کے بعد نیب حکام خواجہ سعد رفیق کو اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد منتقل کریں گے۔

واضح رہےکہ نیب نے 11 دسمبر کو لاہور ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد ہونے کے بعد خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں گرفتار کیا۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے خواجہ سعد کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا اور پروڈکشن آرڈر جاری ہونے کی صورت میں مسلم لیگ (ن) اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے دونوں ایوانوں کی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان بھی کررکھا تھا۔

مزید خبریں :