کھیل
Time 28 دسمبر ، 2018

سنچورین میں دو کپتانوں کا ایک ریکارڈ

پاکستان اور جنوبی افریقا کے کپتان نے سنچورین میں پیئر حاصل کر کے انوکھا ریکارڈ قائم کیا۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان سنچورین میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں ایک دلچسپ اور انوکھا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔

سنچورین ٹیسٹ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو گرین کیپس کے لیے تباہ کن ثابت ہوا اور میچ کے تیسرے روز ہی نتیجہ جنوبی افریقا کے حق میں آ گیا۔

کرکٹ سمیت چاہے دنیا کا کوئی بھی کھیل ہو اس میں ہار جیت اور ریکارڈ بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں لیکن کچھ ریکارڈ اپنی نوعیت کے اعتبار سے انتہائی دلچسپ اور انوکھے بھی ہوتے ہیں۔

ایسا ہی ایک انوکھا ریکارڈ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان سنچورین میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں قائم ہوا۔

پاکستان ٹیم کا ٹاپ آرڈر ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ایک بار پھر بری طرح فلاپ ہوا اور ٹیم پہلی اننگز میں 181 اور دوسری اننگز میں 190 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

دونوں اننگز میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد صفر پر آؤٹ ہوئے اور اس طرح وہ پاکستان کی جانب سے پیئر حاصل کرنے والے چوتھے کپتان بن گئے۔

پروٹیز نے گرین کیپس کو میچ میں 6 وکٹوں سے شسکت تو دی لیکن جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی بھی دونوں اننگز میں اپنا کھاتا کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوئے۔

اس طرح ٹیسٹ کرکٹ کی 141 سالہ تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا کہ دونوں ٹیموں کے کپتان دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقا کے ہاتھوں پاکستان کی بدترین شکست اور سرفراز احمد کی بری کارکردگی کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

مشی نامی ایک صارف نے جنوبی افریقی کپتان کے صفر پر آؤٹ ہونے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ صفر کے حوالے سے سوال اٹھائے جا رہے ہیں، اچھی امپائرنگ۔

فواد نامی ایک صارف نے بالی وڈ فلم لگان کے کردار گرن ممارے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ اب بھی سرفراز سے اچھا بلے باز ہے۔

اعزاز احمد خان نامی صارف نے ٹوئٹر پر دونوں ٹیموں کے کپتانوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ٹیسٹ کرکٹ کی 141 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ ایک ہی میچ کی دونوں اننگز میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے پیئر حاصل کیا۔


مزید خبریں :