پاکستان
Time 12 جنوری ، 2019

'موجودہ حالات میں آرمی چیف کو خود میدان میں اترکر تاجروں کو حوصلہ دینا پڑا'

نواز شریف اور شہباز شریف کو طبی سہولیات دانستہ طور پر نہیں دی جا رہیں، احسن اقبال — فوٹو:فائل 

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ایمانداری کا میک اپ اُتر چکا ہے اور قوم سے چندوں کے نام پر دھوکا کیا گیا۔

لاہور میں کوٹ لکھپت جیل کے باہر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو طبی سہولتیں فراہم نہ کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ 

اس موقع پر ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمارا آج یہاں آنے کا مقصد احتجاج ریکارڈ کرانا ہے، نواز شریف اور شہباز شریف کو طبی سہولیات دانستہ طور پر نہیں دی جا رہیں جو کہ جیل قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر نواز شریف کو کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سمیت متعلقہ حکام ہوں گے۔

احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے انتقام پر اتر آئی ہے اور اب مریضوں کو دوائیوں سے محروم کر دیا گیا ہے، ہم دوائیوں کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ایمانداری کا میک اپ اُتر چکا ہے اور قوم سے چندوں کے نام پر دھوکا کیا گیا، یہ حکومت قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس ریٹائرمنٹ سے پہلے علیمہ خان کی بیرون ملک جائیدادوں اور 2010 کے سیلاب فنڈ پر جے آئی ٹی بنائیں، تاکہ پتا چلایا جاسکے کہ سیلاب فنڈ کے ایک لاکھ گھر کہاں بنے؟

سابق وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ آرمی چیف کو موجودہ حالات دیکھ کرخود میدان میں اترنا پڑا ہے، وہ خود تاجروں کو حوصلہ دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کو موجودہ دورحکومت میں شدید نقصان ہوا جس کے باعث سرمایہ کار یا تو چلاگیا ہے یا انڈر گراؤنڈ جا چکا ہے اور حکومتی پالیسیوں کے باعث 5 سے 7 لاکھ لوگ بے روزگار ہو گئے ہیں۔

 لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے کبھی کسی پاکستانی سے چندا نہیں مانگا، بیرون ملک پاکستانی بھی اس حکومت پر اعتماد نہیں کررہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کے نام پر دبئی کے بعد امریکا میں بھی جائیداد منظر عام پر آگئی ہیں جس کے بعد اپوزیشن کی جانب سے تندوتیز بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ روز پیپلزپارٹی کی جانب سے بھی علیمہ خان کے معاملے پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :