کھیل
Time 14 جنوری ، 2019

ٹیسٹ رینکنگ میں جنوبی افریقا کی دوسرے نمبر پر ترقی، پاکستان کی ایک درجہ تنزلی

جنوبی افریقا نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں تین صفر سے شکست دی۔ فوٹو: ٹوئٹر/کرکٹ جنوبی افریقا

تین میچوں کی سیریز میں پاکستان کو وائٹ واش کرنے کے بعد جنوبی افریقا کی ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آ گئی۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری نئی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں میں کامیابی کے بعد جنوبی افریقا نے 4 پوائنٹس حاصل کر کے انگلینڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

نئی رینکنگ میں پروٹیز 110 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جب کہ بھارت آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے بعد 116 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے۔

پاکستان ٹیسٹ سیریز میں بدترین شکست کے بعد ایک درجے تنزلی کے بعد چھٹے سے ساتویں نمبر پر آ گیا ہے اور اس کے پوائنٹس کی تعداد 92 سے کم ہو کر 88 ہو گئی ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم 107 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جب کہ نیوزی لینڈ ایک پوائنٹس کی کمی سے چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

انگلینڈ کو اپنی تیسری پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے ویسٹ انڈیز کے خلاف 23 جنوری سے شروع ہونے والی تین میچز پر مشتمل سیریز جیتنا ہو گی۔

مزید خبریں :