پاکستان
Time 15 جنوری ، 2019

'حکومت کچھ بھی دینے کی پوزیشن میں نہیں، این آر او مانگا اور نہ ہمیں چاہیے'

فائل فوٹو_ آصف زرداری/ بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف زرداری نے وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن کے این آر او مانگنے کے الزام کو مسترد کردیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر سابق صدر آصف زرداری سے میڈیا نمائندوں نے سوالات کیے۔

ایک صحافی نے سوال کیا کہ وزیراعظم کہہ رہے ہیں کہ اپوزیشن این آر او کے لیے واک آوٹ کر رہی ہے؟

اس پر آصف زرداری نے کہا کہ اپوزیشن پہلے دن سے واک آؤٹ کررہی ہے، این آر او کیوں لے گی؟

سابق صدر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو این آر او کی تعریف نہیں آتی، وہ پارلیمنٹ میں آتے نہیں، پارلیمنٹ آئیں تو بات کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ حکومت کچھ بھی دینے کی پوزیشن میں نہیں اور ہمیں این آر او کی ضرورت نہیں۔

بلاول بھٹو کی گفتگو

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی پارلیمنٹ آمد پر میڈیا سے بات کی۔

این آر او سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ این آر او مانگا اور نہ ہمیں چاہیے، خان صاحب خود ایوان میں آتے نہیں ہیں، ان کو کیا پتا پارلیمان میں کیا ہورہا ہے، خان صاحب نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ پہلے وزیراعظم ہوں گے جو ہر بدھ کو آکر اپوزیشن کے سوالات کے جواب دیں گے، ان کا یہ دعویٰ بھی جھوٹا نکلا، خان صاحب کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا۔

فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع سے متعلق سوال پر پی پی چیئرمین نے کہا کہ اس پر اپوزیشن کا اپنا مؤقف ہوسکتا ہے لیکن پیپلزپارٹی کی سی ای سی نے فریم ورک طے کیا ہے، حکومت کی جانب سےکسی نے فوجی عدالتوں کے معاملے پر ہم سے رابطہ نہیں کیا، پیپلز پارٹی کو فوجی عدالتوں سے متعلق بل کوسپورٹ کرنا مشکل ہوگا۔

مزید خبریں :