پاکستان
05 اگست ، 2012

کراچی: طویل بریک ڈاوٴن کے 18 گھنٹے بعد شہر کی بجلی معمول پر آگئی

کراچی: طویل بریک ڈاوٴن کے 18 گھنٹے بعد شہر کی بجلی معمول پر آگئی

کراچی … کراچی کی بجلی کے طویل بریک ڈاوٴن کے 18 گھنٹے بعد شہر کی بجلی معمول پر آگئی۔ ترجمان کے ای ایس سی کا دعویٰ ہے کہ متاثر ہونے والے تمام گرڈ اسٹیشن بحال کردیئے گئے جبکہ بعض علاقوں میں مختلف فنی خرابیوں، تاروں، لیڈز اور گرپس کی چوری کے باعث تاحال بجلی کی فراہمی معطل ہے جہاں بحالی کا کام جاری ہے۔ ترجمان کے ای ایس سی کی مطابق شہر کے تمام گرڈ اسٹیشن کی بحالی کے بعد متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق بحال کردی گئی، جبکہ بعض علاقوں میں شر پسند عناصر کی جانب سے بجلی کے تار،لیڈز،گرپس اور دیگر سامان چوری ہونے کے باعث بجلی کی بحالی میں دشواری کا سامنا ہے۔ ان علاقوں میں فیڈرل بی ایریا ،ناظم آباد ،ڈیفنس ،کلفٹن ، سندھی مسلم سوسائٹی کے مختلف علاقے شامل ہیں۔ ترجمان کے ای ایس سی کے مطابق ان علاقوں میں بجلی کی فراہمی کا تعطل دور کرنے کیلئے کام جاری ہے۔ ترجمان کے ای ایس سی نے اپنے بیان میں کہا کہ کے ای ایس سی رمضان المبارک میں بجلی کی فنی خرابی پر صارفین سے معذرت خواہ ہے ۔ دوسری جانب جن علاقوں میں بجلی بحال ہوگئی ہے، وہاں کے علاقہ مکینوں کی جانب سے کم وولٹیج کی شکایات اب بھی موصول ہورہی ہیں۔ گزشتہ رات 8 بجے کے ای ایس سی کی 5 ٹرانسمیشن لائنیں ٹرپ کرجانے کے باعث شہر کے اکثر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی۔ جبکہ کے ای ایس سی کی جامشورو سے آنے والی 500 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن بھی ٹرپ کر جانے سے این ٹی ڈی سی سے ملنے والی 650 میگا واٹ بجلی کی فراہمی معطل ہوئی جس کے باعث باقی علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

مزید خبریں :