05 اگست ، 2012
سرگودھا … سرگودھا ڈویژن کے اضلاع بھکر اور میانوالی میں سر سبز درختوں کی کٹائی کا عمل تیزی سے جاری ہے، ٹمبرمافیا کر وڑوں روپے مالیت کے درخت کاٹ چکا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے تحقیقات کا حکم دے دیا۔ بھکر اور میانوالی کے سرکاری جنگلات کے علاوہ نہروں کے کنارے عرصہ دراز سے لگے سر سبز وشاداب درختوں کی کٹائی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور انتہائی قیمتی درخت کاٹ کر فروخت کئے جارہے ہیں جس کے باعث ان جنگلات کا حسن بر ی طرح پا مال ہورہا ہے۔ محکمہ جنگلات کے بعض اہلکاروں کی ملی بھگت اور افسران کی آشیرباد سے کرو ڑوں روپے مالیت کے درخت فروخت کردئیے گئے ہیں۔ کلورکوٹ کے رہائشی بابر علی کی تحریری درخواست پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے درختوں کی کٹائی کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ دوسری طرف محکمہ جنگلات کے حکام نے افسران کو بچانے کیلئے 12 چھوٹے ملازمین کو معطل کر دیا ہے اور معاملے کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔