05 اگست ، 2012
لاہور … جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ پاکستان میں شخصی، خاندانی، فوجی اور نام نہاد کرپٹ جمہوری نظام اور قیادتیں ناکام ہوگئی ہیں جبکہ عالم اسلام میں اسلامی تحریکیں کامیاب ہورہی ہیں۔ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ عالمی امن کیلئے ناگزیر ہے کہ پاکستان میں بھی عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، عدلیہ اور پارلیمنٹ کے درمیان تصادم کھڑا کرنا نااہل اور ناکام حکومت کا ہدف ہے تاکہ مصنوعی بحران پیدا ہو لیکن صدر آصف زرداری کے منفی منصوبے بے نقاب ہو گئے ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ماہ رمضان المبارک میں بجلی کے بدترین بحران اور مہنگائی میں بے پناہ اضافہ حکمرانوں کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے، ماہ مبارک میں روزہ و قرآن کی عبادات کو خراب کرنے والے حکمران کبھی سکون نہیں پاسکیں گے۔ انہو ں نے کہاکہ مون سون کی پہلی بارش نے حکومت، انتظامیہ اور متعلقہ ادراوں کی جانب سے لاہور شہرمیں بارش کے پانی کے نکاس کیلئے فول پروف انتظامات کرنے، ایمر جنسی سروسز، ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے موٴثر انتظامات کرنے کے دعوے کا بھانڈا پھوڑ دیاہے۔