22 جنوری ، 2019
کراچی: گھوڑہ باڑی ساحل کے قریب گذشتہ روز آبی بگولہ نظر آیا، جو پاکستانی سمندر میں ریکارڈ کیا جانے والا دوسرا بگولہ ہے۔
ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) پاکستان کے ترجمان کے مطابق یہ سمندری بگولہ گھوڑہ باڑی ساحل سے 57 کلومیٹر دور سمندر میں 21 جنوری کو نظر آیا۔
ترجمان کے مطابق اس سمندری بگولے کو ماہی گیر کیپٹن سعید زمان نے ریکارڈ کیا۔
ترجمان ڈبلیو ڈبلیو ایف کے مطابق یہ پاکستانی سمندر میں بگولہ نظر آنے کا دوسرا ریکارڈ ہے۔
پاکستانی سمندر میں پہلا بگولہ 28 فروری 2016 کو رپورٹ ہوا تھا، جسے پسنی کے قریب شکار پر جانے والے ماہی گیر مہر گل نے اپنے موبائل فون سے ریکارڈ کیا تھا۔
واضح رہے کہ سمندر کی سطح سے بادلوں تک آبی بخارات کی ایک لہر کو آبی بگولہ کہتے ہیں، جو مخصوص بادلوں کی موجودگی اور خاص قسم کے درجہ حرارت کی موجودگی میں وجود میں آتا ہے۔