26 جنوری ، 2019
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور جنوبی افریقا کے آل راؤنڈر فیلوک وائیو کے درمیان پیدا ہونے والے تناؤ کے بعد دونوں کے درمیان صلح ہوگئی ہے لیکن اس صلح کے پیچھے کون ہے؟
ذرائع کے مطابق سرفراز اور فیلوک وائیو کے درمیان صلح کروانے میں جنوبی افریقا کے کھلاڑیوں ہاشم آملا اور عمران طاہر نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بیک ڈور پالیسی سے کام لیتے ہوئے پاکستانی چیف سیلیکٹر انضمام الحق بھی صلح کروانے میں پیش پیش رہے۔
ہاشم آملا ، عمران طاہر اور انضمام الحق کی کوششوں سے دونوں کھلاڑیوں کے درمیان غلط فہمی دور ہوئی اور دونوں کھلاڑیوں کو مذاکرات کی میز پر لایا گیا۔
صلح کے بعد جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوئںٹی سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان ہوا تو اس میں سرفراز احمد کا نام موجود تھا جو 'آل اِز ویل' کا اشارہ ہے ۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقا کیخلاف دوسرے ون ڈے میچ دوران جنوبی افریقا کے کھلاڑی فیلوک وائیو کے خلاف 'نازیبا' الفاظ ادا کرنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے خلاف کارروائی کے خدشات ظاہر کیے جارہے تھے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کے جملے سے نسلی تعصب کا تاثر لینا درست نہیں ہے۔
تاہم میچ ریفری رنجن مدوگالے نے سرفراز سے ملاقات کے بعد باضابطہ طور پر اپنی رپورٹ آئی سی سی کو پیش کردی تھی اور اب تک آئی سی سی کا کوئی مؤقف اس حوالے سے سامنے نہیں آیا۔