Time 28 جنوری ، 2019
کھیل

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی پاکستان واپسی تاخیر کا شکار

سرفراز جنوبی افریقہ کے خلاف آخری دو ون ڈے انٹرنیشنل اور پہلے دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیل سکیں گے: فائل فوٹو

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی پاکستانی آمد میں مزید تاخیر کا شکارہوگئی ہے۔

سرفراز احمد کو پیر کی رات کو کراچی پہنچنا تھا تاہم وہ منگل کی شام کراچی آئیں گے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر نسلی تعصب سے متعلق قانون کی خلاف ورزی پر چار میچوں کی پابندی عائد کر دی ہے، اس فیصلے کی رو سے سرفراز احمد جنوبی افریقہ کے خلاف آخری دو ون ڈے انٹرنیشنل اور پہلے دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیل سکیں گے۔

پی سی بی نے سرفرازاحمد کو فوری وطن واپس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور انہیں دستیاب پہلی فلائٹ کے ذریعے جنوبی افریقاسے پاکستان واپس آنے کی ہدایت کی تھی۔

جنوبی افریقا کے خلاف باقی ایک روزہ اور تین ٹی ٹونٹی سیریز میں کپتانی کے فرائض شعیب ملک انجام دے رہے ہیں اور سرفراز احمد کی جگہ رضوان احمد وکٹ کیپنگ کے فرائض انجام دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کی دوپہر کو سرفراز احمد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ جوہانسبرگ سے کیپ ٹاون روانہ ہوگئے۔کیپ ٹاون میں سرفراز احمد کو پاکستان سپر لیگ کے لیے ایک مشروبات بنانے والی کمپنی کی شوٹنگ میں شرکت کرنا ہے۔

کراچی آکر سرفراز احمد چند دن آرام کریں گے او ر اس کے بعد پاکستان سپر لیگ کی تیاری شروع کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کیپ ٹاؤن میں چند گھنٹے گزارنے کے بعد سرفراز احمد پاکسانی وقت کے مطابق رات ایک بجے کیپ ٹاون سے جوہانسبرگ کے لیے روانہ ہوں گے اور منگل کی شام دبئی سے کراچی پہنچیں گے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم شعیب ملک کی قیادت میں جنوبی افریقا کے خلاف پانچواں اور فیصلہ کن ون ڈے کھیلنے کیپ ٹاون پہنچی ہے۔جنوبی افریقا اور پاکستان کا آخری ون ڈے بدھ کو نیو لینڈز میں کھیلا جائے گا جب کہ کیپ ٹاون میں ہی جمعے کو پہلا ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل میچ کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :