06 اگست ، 2012
پشاور … انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا محمد اکبر خان ہوتی نے پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ فورس کو فرنٹ سے لیڈ کریں اور شرپسندوں اور دیگر مجرموں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران صوبہ میں امن و امان کا جائزہ لینے کیلئے آئی جی پی اکبر ہوتی کی صدارت میں اجلاس ہوا۔ جس میں ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیزسمیت پولیس اور حساس اداروں کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی اکبر ہوتی نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ امن و امان کی صورتحال میں بہتری لانے کیلئے کوششیں مزید تیز کی جائیں۔ اس سلسلے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پی اکبر ہوتی نے اجلاس کے شرکاء کو یہ ہدایت بھی کہ کرپشن میں ملوث ہر رینک کے اہلکار کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرکے نشان عبرت بنایا جائے، جبکہ لوڈ شیڈنگ سے پیدا ہونے والی صورتحال سے بطریق احسن نمٹا جائے۔