ورلڈ کپ میں 30 کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست دینے کی شرط ختم

اس ایک ماہ میں اگر ٹیمیں چاہیں تو ٹیکنیکل وجوہات کی بنیاد پر اپنی ٹیم میں تبدیلی کرسکتی ہیں— فوٹو: فائل 

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پہلی بار ورلڈ کپ میں 30 ممکنہ کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست دینے کی شرط ختم کردی۔

ورلڈ کپ 2019 کا آغاز 30 مئی سے ہوگا اور میگا ایونٹ کیلئے ہر ملک کو اپنی 15 رکنی ٹیم 23 اپریل تک آئی سی سی کو دینا ہوگی اور ٹورنامنٹ شروع ہونے سے ایک ہفتہ قبل تک ٹیم میں تبدیلی کی جاسکتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 23 مئی کو میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی ہر ٹیم اپنی حتمی 15 کھلاڑیوں کی فہرست دے سکتی ہے، ایک ماہ کا عرصہ ٹیموں کیلئے سپورٹ پیریڈ کہلائے گا۔

23 اپریل سے 23 مئی کے دوران ایک ماہ میں اگر ٹیمیں چاہیں تو ٹیکنیکل وجوہات کی بنیاد پر اپنی ٹیم میں تبدیلی کرسکتی ہیں لیکن ٹورنامنٹ شروع ہونے سے ایک ہفتے قبل ٹیم صرف اسی صورت میں تبدیل ہوگی جب کسی ٹیم کے پاس اس کی ٹھوس وجہ ہوگی اور کیس ٹورنامنٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی کو سونپا جائے گا۔

اگر کسی ٹیم کا کوئی کھلاڑی ان فٹ ہوتا ہے تو اس ٹیم کو میڈیکل سرٹیفیکیٹ پیش کرنا ہوگا۔

ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم 23اپریل کو انگلینڈ جائے گی اور ون ڈے سیریز سے تین ہفتے قبل انگلینڈ پہنچے گی۔

قومی ٹیم کے کپتان کے مطابق انگلینڈ کی ون ڈے سیریز میں جو ٹیم کھیلے گی تقریباً وہی ٹیم ورلڈ کپ میں پاکستانی کی نمائندگی کرے گی۔

چیئرمین احسان مانی کہتے ہیں کہ آسٹریلیا کی سیریز میں روٹیشن پالیسی کے تحت سینیئر کھلاڑیوں کو آرام دیں گے تاکہ ان کا ورک لوڈ کم ہو۔

مزید خبریں :