Time 16 فروری ، 2019
کھیل

پی سی بی نے پی ایس ایل ٹیموں کے مالکان کیلئے قوانین سخت کردیئے

فتتاحی میچ میں لاہور قلندرز کے مالک اور منیجر رانا ثمین کو ڈگ آوٹ میں فون استعمال کرنے سے روک دیا تھا، ذرائع — فوٹو: فائل 

دبئی: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ میں شریک ٹیموں کے مالکان کیلئے قوانین سخت کردیئے۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپرلیگ میں ڈگ آوٹ اور ڈریسنگ روم میں بیٹھنے والے مالکان اور ان کے رشتے داروں کیلئے قوانین سخت کیے ہیں۔

بورڈ نے چوتھے ایڈیشن میں شریک ٹیموں کے مالکان کو میچوں کے دوران باہر جانے سے روک دیا ہے اور انہیں ٹیلی فون استعمال کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ مالکان کا میچوں کے دوران باہر کی دنیا سے رابطہ ختم ہوجائے گا اور مینیجرز کا کردار بھی محدود کردیا ہے، اگر کسی ٹیم کا مالک ٹیم منیجر بھی ہے تو وہ میچوں کے دوران فون استعمال نہیں کرسکے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل میں کوئی بھی فرنچائز مالک اور اس کے رشتے دار پیشگی اجازت کے بعد ٹیم کے ڈگ آوٹ اور ڈریسنگ روم میں بیٹھ سکتے ہیں جنہیں فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور ڈگ آوٹ میں بیٹھ کر مالک کا دنیا سے رابطہ منقطع رہے گا۔

تاہم اس کیلئے انہیں 24 گھنٹے پہلے تحریری اجازت طلب کرنا ہوگی اور پی سی بی کے اینٹی کرپشن، اینٹی ڈوپنگ اور اینٹی ریسسزم کوڈ کی پابندی کرنا ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز کے مالک اور منیجر رانا ثمین کو ڈگ آوٹ میں فون استعمال کرنے سے روک دیا تھا۔

پی سی بی نے بتایا کہ رانا فواد نے ایک دن پہلے میٹنگ میں شرکت کی اور رانا ثمین کو اس بات کا علم نہیں تھا کہ وہ فون استعمال نہیں کرسکتے ہیں۔

پی سی بی ترجمان نے جمعے کو دبئی میں میڈیا کو بتایا کہ اس سال سے مالکان کیلئے جو نیا کوڈ متعارف کرایا گیا ہے، اس کے تحت وہ فون استعمال نہیں کرسکیں گے جو مالک یا اس کا رشتے دار ڈگ آوٹ میں آنے کیلئے ہوٹل سے ٹیم بس میں سوار ہوکر گراونڈ آئے گا اپنا فون جمع کرائے گا اور میچ کے دوران اسے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی میچ کے بعد وہ بس ہی میں ہوٹل واپس جائے گا۔

پی سی بی کے اینٹی کرپشن اینڈ ویجلنس عملے کو 24 گھنٹے پہلے اجازت لینا ہوگی۔

مزید خبریں :