06 فروری ، 2012
کوئٹہ.......بلوچستان کے ہائی رسک قرار دیئے گئے اضلاع میں انسداد پولیو مہم
کوئٹہ… بلوچستان میں پولیو کے حوالے سے انتہائی ہائی رسک قرار دئیے گئے تین اضلاع کوئٹہ، قلعہ عبداللہ اور پشین میں انسداد پولیو کی سہ روزہ مہم آج سے شروع ہوگئی ۔ بلوچستان میں کوئٹہ، قلعہ عبداللہ اور پشین میں گذشتہ سال 2011کے دوران 53کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کی بناء پر ان تین اضلاع کو پولیو کے حوالے سے انتہائی ہائی رسک بلاک قرار دیا گیا تھا، ٹیکنیکل فوکل پرسن برائے پولیوبلوچستان ڈاکٹر مسعود جوگیزئی نے جیو نیوز کو بتایا کہ ان تین اضلاع میں انسداد پولیو کی سہ روزہ خصوصی مہم آج سے شروع کردی گئی ہے، مہم کے دوران سات لاکھ 24ہزار43بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے،ڈاکٹر مسعود جوگیزئی کا کہنا تھا کہ ان تین اضلاع میں پولیو کی رک تھام کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ان کا کہنا تھا کہ ا س سے قبل بلوچستان کے 27اضلاع میں 30جنوری تا یکم فروری کو انسداد پولیو کی مہم چلائی جاچکی ہے تاہم ان تین اضلاع میں خاطر خواہ انتظامات نہ ہونے کی بناء پرمہم کو موخر کردیاگیا تھا، صوبے میں گذشتہ سال رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 73تھی جبکہ رواں سال کے پہلے ماہ کے دوران بھی کوئٹہ سے پولیو کے دو کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، ڈاکٹرمسعود جوگیزئی کا کہنا تھا کہ موثر حکمت عملی اور ٹھوس اقدامات کے نتیجے میں امیدہے کہ اس سال صوبے میں پولیو کے کیسز کی روک تھام ہوجائے گی۔