پاک بھارت کشیدگی: پی ایس ایل کے پاکستان میں ہونے والے میچز غیریقینی کا شکار

صورتحال اگلے 24گھنٹے میں مزید واضح ہوجائے گی۔ فوٹو: فائل

پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث پاکستان سُپر لیگ کے فائنل سمیت پاکستان میں ہونے والے 8 میچ غیر یقینی کا شکار ہو گئے ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ٹورنامنٹ کے تمام میچ متحدہ عرب میں ہی ہوں گے۔

پی سی بی حکام اس بارے میں محتاط انداز میں گفتگو کر رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ خاموشی سے غیر ملکی کھلاڑیوں اور کمنٹیٹرز کو مطمئن کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہیں قائل کیا جا رہا ہے کہ وہ پاکستان جا کر میچ کھیلیں تاہم صورتحال اگلے 24گھنٹے میں مزید واضح ہوجائے گی۔

پی ایس ایل میں شریک فرنچائزز کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تازہ صورتحال کی وجہ سے غیر ملکی کرکٹرز پاکستان جانے سے گریز کر رہے ہیں۔

پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی اور لاہور میں میچ سات مارچ کو ہوں گے اور اس وقت تک صورتحال مزید واضح ہو جائے گی، کوشش کر رہے ہیں کہ ٹورنامنٹ متاثر نہ ہو۔

دبئی میں بدھ کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے غیر ملکی کھلاڑیوں، براڈ کاسٹرز، اسپانسرز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو تفصیلی بر یفنگ دی۔ انہیں اعتماد میں لیا گیا اور بتایا گیا کہ پاکستان کے حالات قابو میں ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کے بقیہ میچ پروگرام کے تحت پاکستان میں ہوں گے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہنگامی صورتحال کے پیش نظر متبادل پلان بھی موجود ہے۔

پی سی بی حکام نے ایم ڈی وسیم خان کی قیادت میں دبئی میں غیر ملکی کرکٹرز، براڈ کاسٹرز، اسپانسرز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تفصیلی میٹنگ کی۔ میٹنگ میں غیر ملکیوں کو بتایا گیا کہ سوشل میڈیا اور میڈیا پر پاکستان کے حالات جس طرح بتائے جا رہے ہیں، صورتحال اس کے برعکس ہے۔ انہیں سیکیورٹی صورتحال اور تازہ سیاسی صورتحال سے باخبر رکھا گیا اور بتایا گیا کہ معاملات ابھی تک قابو میں ہیں البتہ مسلسل سیاسی صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دبئی میں جمعے تک پاکستان سپر لیگ کے میچ ہوں گے۔ پیر اور منگل کو ٹورنامنٹ کی میزبانی ابوظہبی کا شیخ زائد اسٹیڈیم کرے گا جبکہ سات مارچ کو کراچی اور لاہور میں میچ ہوں گے۔ 

فائنل کراچی میں 17 مارچ کو ہونا ہے جس کے تمام ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔ 

ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ شین واٹسن اور کورے اینڈرسن پہلے ہی نجی مصروفیت کی وجہ پاکستان نہیں جائیں گے۔

کمنٹری ٹیم میں شامل میتھیو ہیڈن بھی پاکستان نہیں جائیں گے، میتھیو ہیڈن پہلے ہی پاکستان جانے سے انکار کر چکے ہیں۔

مزید خبریں :