04 مارچ ، 2019
پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق دبئی میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے آسٹریلیا کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کیلئے پاکستانی اسکواڈ پر مشاورت کرنے کے بعد اتوار کی شب لاہور روانہ ہوگئے۔
امکان ہے کہ پاکستان کی ون ڈے ٹیم کا اعلان ہفتہ 9 مارچ کو کراچی میں کیا جائے گا۔ اس دوران انضمام الحق ساتھی سلیکٹرز اور کپتان سرفراز احمد سے بھی مشاورت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی ون ڈے سیریز میں پانچ کھلاڑیوں فخر زمان، بابر اعظم، شاداب خان، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دیا جائے گا جبکہ عابد علی، شان مسعود، سعد علی، عمر اکمل اور یاسر شاہ کو کھلائے جانے کا امکان ہے۔
کپتان سرفراز احمد سے مشورہ کرکے فیصلہ کیا جائے گا کہ انہیں بھی آرام دیا جائے اور کپتانی شعیب ملک کو دی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ تین اپریل سے پنڈی میں شروع ہورہا ہے۔ پاکستان کپ میں پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ والے کھلاڑیوں کو ٹیموں میں شامل نہیں کیا جائے گا۔
یہ تجویز ہے کہ ان کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ سے قبل آرام دیا جائے۔ سلیکٹرز نے پاکستان کپ کیلئے ٹیموں کی تشکیل دے دی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز 22 مارچ سے شروع ہوگی اور پہلا میچ شارجہ میں کھیلا جائے گا۔