Time 12 مارچ ، 2019
پاکستان

درخواست گزارزیادہ مرغیاں کم ،پنجاب حکومت کی 'مرغی پال' اسکیم مؤخر

وزیر اعظم عمران خان نےاقتدار میں آنے کے بعد غربت کے خاتمے کے لیےمرغی پال اسکیم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا— فوٹو: فائل

پنجاب حکومت نے  وزیراعظم عمران خان کی غربت کے خاتمے کیلئے شروع کی گئی مرغی پال اسکیم مؤخر کردی۔

محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کے مطابق مرغی پال اسکیم مؤخر کرنے کی وجہ درخواست گزاروں کا زیادہ ہونا اور مرغیاں کم پڑنا ہے۔ اب نئے مالی سال میں  یہ اسکیم دوبارہ شروع کی جائے گی۔

وزیر اعظم عمران خان نےاقتدار میں آنے کے بعد غربت کے خاتمے کے لیےمرغی پال اسکیم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ محکمہ لائیواسٹاک اینڈڈیری ڈویلپمنٹ نے اس اسکیم کے تحت غریب افراد کو ایک مرغے اور 5 مرغیوں پر مشتمل سیٹ 12 سو روپے کے عوض دینا شروع کیا تھا۔ 

جہاں یہ اسکیم بہت زیادہ تنقید کی زد میں رہی وہیں ضرورت مند افراد نے اسے حوصلہ افزا بھی قرار دیا تھا۔

محکمہ لائیواسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ نے اسکیم کے آغاز پر دعویٰ کیا تھا کہ ان کے پاس 15 لاکھ مرغیاں ہیں تاہم اب محکمے نے یہ اسکیم یہ کہتےہوئے مؤخر کر دی ہے کہ ان کے پاس مرغیاں کم پڑ گئی ہیں۔

وزیراعظم کے’’مرغی پال پروگرام‘‘ کے لیے محکمہ پولٹری ریسرچ کو 3 سال میں 25 لاکھ مرغیاں تیار کرنے کا ٹارگٹ دیا گیا۔

وزیر اعظم کی ’’مرغی پال پروگرام‘‘ اسکیم کا باقاعدہ آغاز رواں سال کے شروع میں کیا گیا تھا۔ اسکیم کے تحت 5 مرغیوں اور 1 مرغے کا پیکیج طے کیا گیا۔ جس کی ابتدائی قیمت 1200 روپے طے پائی تھی جو بعد میں صرف 800 روپے کر دی گئی تھی۔

اس اسکیم کا مفت فارم محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ اور پولٹری ریسرچ انسٹیٹیویٹ سے مل رہا تھا۔ محکمہ کے پولٹری فارم نے  چوزوں کی تیاری ہنگامی طور پر راولپنڈی، دینہ، اٹک، سرگودھا، ملتان، گجرات، ڈیرہ غازی خان میں شروع کر دی تھی۔

مزید خبریں :