پاکستان
Time 08 اپریل ، 2019

پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت 100 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کر دیا

بھارتی ماہی گیر لاہور ریلوے اسٹیشن پر جہاں انہیں ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے بیگز دیئے گئے۔ فوٹو کریڈٹ: آن لائن

پاکستانی حکومت کی جانب سے جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کیے گئے 100 بھارتی ماہی گیروں کو  واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

سمندری حدود کی خلاف ورزی پر گرفتار بھارتی ماہی گیروں کو کراچی کی لانڈھی جیل سے بذریعہ ٹرین لاہور پہنچایا گیا۔

کراچی کی لانڈھی جیل سے اتوار کے روز 100 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کیا گیا تھا۔یہ ماہی گیر علامہ اقبال ایکسپریس کے ذریعے لاہور ریلوے اسٹیشن پہنچے۔

فوٹو: آن لائن

بھارتی ماہی گیروں کا کہنا تھا کہ کھلے سمندر میں پتہ ہی نہیں چلتا کہ کب بھارتی حدود ختم ہوئی اور کب وہ پاکستانی حدود میں داخل ہو گئے۔ رہا ہونے والے بعض ماہی گیروں نے کہا کہ اب وہ واپس بھارت جا کر مچھلیاں پکڑنے کا کام ہی چھوڑ دیں گے۔

وزارت داخلہ کے مطابق رواں ماہ کے دوران مزید 260 بھارتی ماہی گیر وں کو رہا کیا جائے گا۔

مزید خبریں :