کون ہوگا نیا وزیر خزانہ؟ امیدواروں کے نام سامنے آگئے

فائل فوٹو: ڈاکٹر شمشاد، ڈاکٹر حفیظ پاشا، ڈاکتر عشرت حسین، سلمان شاہ

اسلام آباد: اسد عمر کے بعد وزارت خزانہ کے امور چلانے کے لیے امیدواروں کے نام سامنے آگئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کو مشیر خزانہ مقرر کیے جانے کا امکان تھا تاہم انہوں نے یہ عہدہ لینے سے انکار کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ کے امور کو چلانے کے لیے سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ پاشا، سلمان شاہ اور اسٹیٹ بینک کے سابق گورنر عشرت حسین مضبوط امیدوار ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ ڈاکٹر عشرت حسین تاجر برادری کے لیے بھی قابل قبول ہیں، وہ اس وقت وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات اور کفایت شعاری ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ مشیر خزانہ کی متوقع فہرست میں سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کا نام بھی شامل ہے، وہ پیپلزپارٹی کے دورِ حکومت میں وزیر خزانہ رہ چکے ہیں۔

اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک کی سابق گورنر شمشاد اختر کو بھی وزارت خزانہ کی ذمہ داریاں سونپے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کےمطابق وزیراعظم عمران خان نے سابق گورنر اسٹیٹ بینک شمشاد اختر سے ملاقات بھی کی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ وفاقی وزیر پاور ڈویژن عمرایوب کو بجٹ پیش کرنے کے لیے وزارت خزانہ کا اضافی چارج دیا جائے گا، وزیراعظم کے مشیر خزانہ کا بھی تقرر کیا جائے گا جوٹیکنو کریٹ ہوں گے، بجٹ منظوری کے بعد عمر ایوب سے وزارت خزانہ کا قلم دان واپس لیا جائے گا۔

مزید خبریں :