25 اپریل ، 2019
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ افغانستان کے تنازعات نے افغانستان اور پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا لہٰذا اب پاکستان افغانستان میں کسی بھی اندرونی تنازع کا حصہ نہیں ہوگا۔
جیونیوز کے مطابق اپنے ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان کے تنازعات نے افغانستان اور پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا، طویل انتظار کے بعد افغانستان امن عمل اور خطے میں امن کا تاریخی موقع ہے، پاکستان مکمل طور پر افغانستان کے اندرونی مذاکرات اور بات چیت کے اگلے منطقی مرحلے کی حمایت کرے گا۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان اب افغانستان میں کسی بھی اندرونی تنازع کا حصہ نہیں ہوگا، افغان قیادت خود اپنے ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی، پاکستان زبردستی مذاکرات میں افغان مسئلےکا حل تلاش کرنے کے حق میں نہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام جماعتوں کو اس لمحے کی اہمیت تسلیم کرنے پر زور دیتا ہے، پاکستان نے امن عمل کی کامیابی کیلئے تمام سفارتی اور سیکیورٹی کوششیں کی ہیں۔