Time 26 اپریل ، 2019
کھیل

ورلڈکپ کیلئے روانگی سے قبل عمران خان نے سرفراز سے کیا کہا؟

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے ورلڈ کپ کیلئے انگلینڈ روانگی سے قبل وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی— فوٹو: فائل

ورلڈ کپ سے قبل وزیراعظم عمران خان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ماضی کے عظیم کپتان اور پاکستان کے موجودہ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس میں پاکستان کرکٹ ٹیم سے ملاقات میں کپتان سرفراز احمد کی تعریف کی اور انہیں ہمت دلاتے ہوئے کہا کہ آپ میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ آپ پاکستان کو اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے ورلڈ کپ جتواسکتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے سرفراز سے کہا کہ یہ مشن امپوسیبل نہیں ہے۔ وزیر اعظم کی تھپکی نے سرفراز احمد کی ہمت کے ساتھ ساتھ ان کا خون بھی بڑھا دیا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عمران خان نے سرفراز احمد سے خاص طور پر کہا کہ آپ جس طرح ٹیم کو لیڈ کررہے ہیں مجھے آپ کی صلاحیتوں پر کوئی شک نہیں ہے۔

حد درجہ مصدقہ ذرائع نے میڈیا میں عمران خان سے منسوب یہ خبر چلا کر سنسنی خیزی پھیلانے کی کوشش کی کہ وزیراعظم نے کہا کہ اگر کوئی کھلاڑی کرکٹ کرپشن میں ملوث پایا گیا تو وہ سزا سے نہیں بچ سکے گا۔

عمران خان نے غیر رسمی انداز میں کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور وہ کھلاڑیوں سے گھل مل گئے— فوٹو: عمران خان آفیشل فیس بک پیج

دراصل وزیر اعظم نے یہ کہا تھا کہ اسپاٹ فکسنگ کے واقعات نے پاکستان کرکٹ پر کاری ضرب لگائی ہے، آپ سب ملک کے سفیر ہیں ان لوگوں سے بچیں جو کھیل اور کھلاڑی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے غیر رسمی انداز میں کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور وہ کھلاڑیوں سے گھل مل گئے۔ ملاقات کا دورانیہ 30 منٹ تھا لیکن وہ ایک گھنٹہ کھلاڑیوں کے ساتھ رہے اور انہیں نصحیت کرنے کے بجائے شفقت سے پیش آئے اور اس بات پر زور دیتے رہے کہ آپ میں کرنے کی صلاحیت ہے بس کسی حریف کھلاڑی یا حریف ٹیم کو اپنے سر پر سوار نہ ہونے دیں۔

مزید خبریں :