کھیل

سری لنکا کے کمار سنگا کارا ایم سی سی کے پہلے غیر برطانوی صدر بن گئے

ماضی کے اسٹائلش بیٹسمین اور وکٹ کیپر یہ عہدہ انگلینڈ کے انتھونی ور فورڈ کی جگہ یکم اکتوبر کو سنبھالیں گے— فوٹو: لارڈز آفیشل 

لارڈز: سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگا کارا نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے یکم اکتوبر سے ایم سی سی (میری لیبون کرکٹ کلب) کے صدر بن جائیں گے اور وہ یہ عہدہ سنبھالنے والے پہلے غیر برطانوی ہوں گے۔

میری لیبون کرکٹ کلب نے اعلان کیا کہ سنگا کارا کی تقرری سالانہ جنرل باڈی اجلاس میں ہوئی ہے۔

سنگاکارا کرکٹ کو خیر باد کہنے کے بعد ایم سی سی کے لیے کام کررہے ہیں اور انہوں نے ایم سی سی اسپرٹ آف کرکٹ کاوڈرے لیکچرز دے کر سب کو اپنی صلاحیتوں سے متاثر کیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل یہ عہدہ صرف برطانیہ کے لوگوں کو ملتا تھا اور اب سنگا کارا پہلے غیر برطانوی شہری ہیں جو کہ عہدہ سنبھالیں گے۔ 

ماضی کے اسٹائلش بیٹسمین اور وکٹ کیپر یہ عہدہ انگلینڈ کےانتھونی ور فورڈ کی جگہ یکم اکتوبر کو سنبھالیں گے اور 30 ستمبر 2020 تک ایم سی سی کے صدر رہیں گے۔

سابق کرکٹر ایم سی سی کی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کے متحرک رکن رہے ہیں اور وہ ایم سی سی کی جانب سے کئی کرکٹ میچوں میں بھی شرکت کرچکے ہیں۔

اس حوالے سے کمار سنگا کارا کا کہنا ہے کہ ایم سی سی کا صدر بننا میرے لیے اعزاز ہے اور کوشش کروں گا کہ اپنی صلاحیتوں سے ایم سی سی کو فائدہ پہنچا سکوں۔

سنگاکارا کو 2014 میں لارڈز کے میدان میں انگلینڈ کے خلاف دو سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے جس کی وجہ سے ان کا نام آنر بورڈ پر تحریر ہے۔

مزید خبریں :