فاسٹ بولر محمد عامر کا آج دوبارہ طبی معائنہ ہوگا


لندن: انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلنے کے لیے ‏فاسٹ بولر محمد عامر کا آج دوبارہ طبی معائنہ ہوگا۔

فاسٹ بولر محمد عامر چکن پاکس میں مبتلا ہیں جس کے باعث ورلڈ کپ میں ان کی شرکت مشکوک ہے تاہم ترجمان پی سی بی نے توقع ظاہر کی ہے کہ محمد عامر چار سے پانچ روز میں صحت یاب ہو کر ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔

ذرائع کے مطابق محمد عامر نے دو روز قبل لندن میں ڈاکٹرز کو معائنہ کرایا تھا اور آج ان کا دوبارہ طبی معائنہ ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فالو اپ چیک اپ کے بعد محمد عامر کی طبیعت کے بارے میں درست صورت حال واضح ہوجائے گی جس کے بعد انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والی ون ڈے سیریز کے پانچویں میچ کے لیے ان کی دستیابی کا فیصلہ ہوگا۔

 چکن پاکس کا مرض کسی اور کھلاڑی کو لگنے کے خدشے کے پیش نظر محمد عامر کو فوری طور پر لندن میں اُن کے سسرال منتقل کردیا گیا تھا۔

ٹیم منیجر طلعت علی ملک کے مطابق محمد عامر کی فٹنس کے بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، ڈاکٹر ہی اس بارے میں حتمی رائے دے سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ محمد عامر 15 رکنی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں البتہ وہ ورلڈکپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز میں اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ 

مزید خبریں :