کھیل

ورلڈکپ سے قبل ٹیم کی ناقص فیلڈنگ پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا اظہار تشویش

انگلینڈ کی ون ڈے سیریز میں ہماری فیلڈنگ مایوس کن رہی، دونوں ٹیموں کے درمیان سب سے بڑا فرق فیلڈنگ رہی، مکی آرتھر— فوٹو: آئی سی سی / فائل

ورلڈ کپ جیسے اہم ترین ٹورنامنٹ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص فیلڈنگ پرہیڈ کوچ مکی آرتھر نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انگلینڈ سے شکست کے بعد مکی آرتھر نے کہا کہ انگلینڈ کی ون ڈے سیریز میں ہماری فیلڈنگ مایوس کن رہی دونوں ٹیموں کے درمیان سب سے بڑا فرق فیلڈنگ رہی۔ ون ڈے سیریز 0-4 سے ہارنے کے باوجود ہم نے مقابلہ کیا، ساؤتھمپٹن اور ناٹنگھم میں میچ آخری اوور میں گیا ایسے میچ کوئی بھی ٹیم جیت سکتی ہے۔ مجھے سب سے زیادہ فکر فیلڈنگ کی ہے یہ ایسا شعبہ ہے جس پر میں نے کوچ بن کر بہت کام کیا ہے

مکی آرتھر نے کہا کہ ہم دنیا کی نمبر ایک ٹیم سے مقابلہ کررہے تھے تاہم بیٹنگ لائن کی کارکردگی حوصلہ افزا ہے۔ پاکستان نے تقریباً ہر میچ میں 300 سے زائد رنز بنائے جس سے بیٹنگ لائن کی اچھی کارکردگی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے، جب ہم یہاں آئے تو لوگ کہہ رہے تھے کہ ہم 280 رنز کی ٹیم ہیں، ہم نے اس تاثر کو ختم کیا، بیٹنگ لائن کی کارکردگی سے مجھے اطمینان ملا ہے اور میں اچھی کارکردگی کے لیے پر امید ہوں۔

علاوہ ازیں پاکستان کرکٹ ٹیم پیر کو لیڈز سے برسٹل پہنچ گئی جہاں وہ ورلڈ کپ کا وارم اپ میچ کھیلے گی۔ ٹیم انتظامیہ نے فاسٹ بولر جنید خان کو ریلیز کر دیا ہے، وہ اپنے اہل خانہ کے پاس بریڈ فورڈ اور لیگ اسپنر یاسر شاہ بر منگھم چلے گئے۔ عابد علی اور فہیم اشرف کے انگلینڈ میں کھیلنے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم منگل کو آرام کرے گی، بدھ سے ٹریننگ شروع ہوگی۔ پاکستان ٹیم 24 مئی کو افغانستان کے خلاف برسٹل میں ورلڈ کپ کا وارم اپ میچ کھیلے گی۔

وہاب ریاض منگل کو ٹیم کو جوائن کر لیں گے، بیٹسمین آصف علی لندن سے امریکا جارہے ہیں اور بیٹی کی میت کے ساتھ فیصل آباد آئیں گے۔ا

آصف علی تدفین اور سوئم کے بعد ٹیم کو انگلینڈ میں جوائن کریں گے۔ پی سی بی کے مطابق آصف علی لیڈز سے لندن چلے گئے ان کے لندن سے امریکا جانے کے سفری انتظامات کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں :