کھیل

پی سی بی کا سلیم جعفر کو جونیئر سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کرنے کا فیصلہ

سلیم جعفر لو پروفائل میں رہنے والے قابل کوچز میں شامل ہیں — فوٹو: فائل 

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے باسط علی کی جگہ ماضی کے لیفٹ آرم فاسٹ بولر سلیم جعفر کو جونیئر سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

جونیئر سلیکشن کمیٹی کے ارکان میں آف اسپنر ارشد خان، ٹیسٹ اوپنر توفیق عمر اور کوئٹہ کے شعیب خان شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیم جعفر اور پی سی بی میں معاملات طے پاگئے ہیں جس کا اعلان جلد متوقع ہے۔

سلیم جعفر اس سے قبل قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن اور ریجنل کوچ رہ چکے ہیں، اور ان کی کوچنگ میں حبیب بینک نے گزشتہ سیزن میں قائد اعظم ٹرافی اور قومی ون ڈے ٹورنامنٹ جیتا تھا لیکن حبیب بینک کرکٹ ٹیم کے اچانک بند ہونے سے سلیم جعفر کو بھی ملازمت سے محروم ہونا پڑا تھا، سلیم جعفر لو پروفائل میں رہنے والے قابل کوچز میں شامل ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پی سی بی نے معاہدہ ختم ہونے کے بعد باسط علی کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی کے معاہدے کی تجدید نہیں کی تھی جب کہ بورڈ نئی تنخواہ دار سلیکشن کمیٹی سے تین سال کے لیے معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔

جونیئر سلیکشن کمیٹی کا سب سے بڑا ٹاسک آئندہ سال جنوبی افریقا میں ہونے والے انڈر19 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا انتخاب کرنا ہے، جونیئر سلیکشن کمیٹی کے ساتھ پی سی بی جونیئر ٹیم کے ہیڈ کوچ کی تلاش میں سرگرداں ہے۔

یونس خان اور مصباح الحق کے انکار کے بعد پی سی بی کو کسی اور کوچ کی تلاش ہے۔ 

ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ انضمام الحق کی سربراہی میں کام کرنے والی سنیئر سلیکشن کمیٹی کے عہدے کی معیاد پندرہ جولائی کو ختم ہورہی ہے تاہم نئی سلیکشن کمیٹی کی سربراہی کے لے سابق کپتان عامر سہیل مضبوط امیدوار ہیں۔

مزید خبریں :