31 مئی ، 2019
کراچی: حکومت سندھ نے سندھ یونیورسٹی جامشورو میں مبینہ کرپشن اور بے قاعدگیوں کے معاملے پر وائس چانسلر ڈاکٹر فتح برفت کو معطل کردیا۔
ڈاکٹر فتح محمد برفت کے خلاف سندھ یونیورسٹی میں زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ، گاڑیوں کے غلط استعمال، بھرتیوں، جعلی بلوں کی ادائیگی اور دیگر سنگین الزامات پر اینٹی کرپشن نے انکوائری کی تھی۔
فتح محمد برفت کے خلاف انکوائری کمیٹی میں 71 کروڑ روپے کی مبینہ کرپشن اور سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزامات لگائے گئے ہیں جب کہ وہ پہلے ہی عہدے سے ہٹانے کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کرچکے ہیں۔
سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں ڈاکٹر فتح برفت پر لگنے والے الزامات کی مزید تحقیقات ناہید درانی کے سپرد کی گئی ہیں۔
سیکرٹری بورڈز و جامعات محمد ریاض الدین کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ فتح محمد برفت کے خلاف پہلے سے جاری انکوائری مکمل ہونے تک سندھ یونیورسٹی کے لاڑکانہ و بدین کیمپس کے پرو وائس چانسلر پروفیسر صدیق کلہوڑو کو وائس چانسلر کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔