02 جون ، 2019
عالمی انٹراپرونیورشپ کانفرنس میں امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی و مشیر ایوانکا ٹرمپ شرکت کریں گی۔
ہالینڈ میں تعینات امریکی سفیرپیٹر ہوئکسٹرا کا جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو میں کہنا تھا کہ دو روزہ عالمی انٹراپرونیورشپ کانفرنس 4 جون سے دی ہیگ میں شروع ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور امریکی صدر کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ شرکت کریں گی جب کہ ملکہ ہالینڈ سمیت ڈچ وزیراعظم اور وزیر خارجہ بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔
امریکی سفیر کے مطابق کانفرنس میں دنیا بھر سے 140 ممالک کے نوجوان نمائندگی کریں گے، کانفرنس میں ٹیکنالوجی کی مدد سے پانی، توانائی اور زراعت کے مسائل کے حل پیش کیے جائیں گے۔
پیٹر ہوئکسٹرا کا کہنا تھا کہ یورپی خطے کو جنگ عظیم نے تباہ کیا لیکن ملٹری اور اقتصادی اقدامات کی مدد سے امن لوٹ آیا، امریکا نے ایشیا کے ساتھ تعاون کی مدد سے پرامن ماحول کی طرف قدم بڑھایا ہے۔