Time 06 جون ، 2019
کھیل

سری لنکا خطرناک ٹیم نہیں لیکن پاکستان اسے آسان نہیں لے سکتا، وقار یونس

گزشتہ میچ میں ملنگا نے بتادیا ہے کہ اب بھی اس میں دم ہے، آسٹریلیا اور بھارت جیسی مضبوط ٹیموں کیخلاف میچ سے قبل سری لنکا سے جیت ضروری ہے، سابق کپتان— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ پاکستان کے نوجوان پلیئرز کو پریشر سے ڈیل کرنا سیکھنا ہوگا، کارکردگی میں عدم تسلسل کا ٹیگ ایک بار پھر پاکستان ٹیم کے ساتھ جڑ گیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کیلئے لکھے گئے کالم میں وقار یونس نے کہا کہ پاکستان کی پچھلے دو میچز میں کارکردگی ایک دوسرے کے برعکس رہی، پاکستان ٹیم ہمیشہ ایسے ہی پرفارم کرتی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدم تسلسل کا مسئلہ سسٹم کی وجہ سے ہے، نوجوان پلیئرز بغیر سسٹم کے ٹیم میں آتے ہیں۔

وقار یونس نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں جو پریشر برداشت کرگیا وہ عظیم کھلاڑیوں کی فہرست میں آجائے گا، سری لنکا خطرناک ٹیم نہیں لیکن پاکستان اسے آسان نہیں لے سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں کسی بھی ٹیم کو آسان لینا غلط ہوگا، خراب آغاز کے بعد پاکستان کی شاندار فتح سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہوں گے۔

سابق کپتان نے کہا کہ گزشتہ میچ میں لاستھ ملنگا نے بتادیا ہے کہ اب بھی اس میں دم ہے، آسٹریلیا اور بھارت جیسی مضبوط ٹیموں کیخلاف میچ سے قبل سری لنکا سے جیت ضروری ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ 7 جون کو برسٹل میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اب تک دو میچز کھیل چکا ہے جس میں سے اسے ایک میں کامیابی اور ایک میں شکست ہوئی ہے۔

سری لنکا نے بھی دو میچز کھیلے ہیں اور ایک میں کامیابی دوسرے میں ناکامی کا منہ دیکھ چکی ہے۔ ٹورنامنٹ میں پیش قدمی کیلئے دونوں ٹیموں کیلئے یہ میچ انتہائی اہم ہے۔

مزید خبریں :