11 جون ، 2019
آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے کہا ہے کہ آسٹریلین ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے فیصلہ ان کو نہیں بلکہ کرکٹ بورڈ نے کرنا ہے لیکن انہیں جب بھی موقع ملا وہ پاکستان جا کر ضرور کھیلنا چاہیں گے۔
ٹاؤنٹن میں پاکستان سے میچ سے ایک روز قبل میڈیا سے گفتگو آسٹریلوی ٹیم کے کپتان نے پاکستان کو ایک خطرناک ٹیم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو آسان نہیں لیا جا سکتا وہ آئی سی سی ایونٹس میں ہمیشہ ایک مشکل حریف ثابت ہوئی ہے۔
ایرون فنچ نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ آسٹریلیا نے امارات میں پاکستان کو شکست دی لیکن اس ٹیم میں وہاب ریاض، حسن علی اور شاداب خان نہیں تھے۔
آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ محمد عامر بھی اب فارم میں آگئے ہیں جبکہ نمبر تین پر بابر اعظم بھی اچھا کھیل رہے ہیں۔
ٹاؤنٹن میں کل پاکستان اور آسٹریلیا کا میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اس حوالے سے دائیں ہاتھ کے اوپنر نے مزید کہا کہ ان کی ٹیم نے میچ کے لیے پچاس اوورز کے مقابلے کے حساب سے ہی تیاری کی ہے لیکن اگر بارش ہوئی تو وہ اسی کے حساب سے منصوبہ بندی کریں گے۔
ڈیوڈ وارنر سے متعلق ایک سوال کے جواب میں آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ ڈیوڈ وارنر 14 ماہ بعد کرکٹ میں واپس آئے ہیں، ان کو اپنا ردھم واپس لانے میں تھوڑا وقت درکار ہوگا۔
آسٹریلین ٹیم کے دورہ پاکستان سے متعلق سوال کے جواب میں کپتان ایرون فنچ کا کہنا تھا کہ آسٹریلین ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے فیصلہ ان کو نہیں بلکہ کرکٹ بورڈ نے کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا بے پناہ جنون ہے اور وہ پی ایس ایل میچز میں نظر بھی آیا جب کہ جو کرکٹرز پاکستان گئے انہوں نے وہاں کی تعریف کی۔
فنچ کا کہنا تھا انہیں جب بھی موقع ملا وہ پاکستان جا کر ضرور کھیلنا چاہیں گے۔