کھیل

پاکستان اور آسٹریلیا کا میچ ہونا دونوں ٹیموں کیلئے اہم ہے: وسیم اکرم


ٹاؤنٹن: قومی ٹیم کے سابق کپتان اور فاسٹ بولر وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کا میچ ہونا دونوں ٹیموں کے لیے اہم ہے۔

انگلینڈ میں جاری ورلڈکپ میں بدھ کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اہم میچ ہے اور پاکستان کو ایونٹ میں اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے یہ میچ جیتنا ضروری ہے۔

پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر آٹھویں جب کہ آسٹریلیا چوتھے نمبر پر ہے، ایسے میں سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ آج کا میچ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیمیں اس میچ میں دو پوائنٹ حاصل کرنا چاہتی ہیں، پاکستان ٹیم میچ کے حوالے سے کسی صورت ریلیکس نہ ہو، اس کنڈیشن میں آج کل ہر ٹیم پہلے بولنگ کرنا چاہے گی۔

وسیم اکرم کے مطابق آسٹریلین ٹیم ہار کر آ رہی ہے لیکن جب وہ زخمی ہوتے ہیں تو خطرناک بھی ہوتے ہیں، بھارت نے مکمل کنٹرول کے ساتھ آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔

انہوں نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ میچ میں ٹاپ تھری کا کافی اہم کردار ہو گا، فخر زمان کو تھوڑا سنبھل کر کھیلنا ہو گا کیوں کہ ہر بولر کو آگے آکر نہیں کھیلا جا سکتا، امام الحق اور بابر اعظم اچھا پرفارم کر رہے ہیں۔

سوئنگ کے سلطان نے بولروں کو مشورہ دیا کہ پاکستان کو نئی گیند سے وکٹ لینا ہو گی۔

یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کا میچ ٹاؤنٹن کے کاؤنٹی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا اور یہ اس گراؤنڈ میں دونوں ٹیموں کا پہلا میچ ہے۔

مزید خبریں :