13 جون ، 2019
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سینیئر کھلاڑیوں خاص طور پر شعیب ملک کی بدترین فارم سے پریشان ہیں۔
شعیب ملک کے آسٹریلیا کے خلاف اہم میچ میں صفر پر آؤٹ ہونے نے سابق کپتان کے کیریئر پر سوالات اٹھادیے ہیں۔ سرفراز احمد نے شعیب ملک کی مایوس کن کارکردگی کے باوجود ان کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سینیئر کرکٹر ہیں، امید ہے کہ ان کا تجربہ آئندہ میچوں میں کام آئے گا۔
سرفراز نے کہا کہ شعیب ملک ہمارے سینیئر کھلاڑی ہیں اور مجھے یقین ہے کہ ان کی طرف سے ایک اچھی اننگزآنے کو ہے اور شاید وہ بھارت کیخلاف ہو۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی ٹیم پر اعتماد ہے، ہم صورتحا ل بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ہر میچ کو فائنل کی طرح کھیلیں گے، کرکٹ میں منصوبوں پر عمل کرنا بہت اہم ہوتا ہے، وہ ٹیم جواپنے منصوبوں پرعمل کرتی ہے وہ میدان مار لیتی ہے، یہی آسٹریلیا کے خلاف ہمارے میچ کا خلاصہ ہے، اگر ہم دو سے تین اوور اور کھیل لیتے تو ہدف تک پہنچ جاتے، ہم نے مکمل طور پر نہیں، بلکہ کچھ حد تک اپنے منصوبوں پر عمل کیا۔
سرفراز نے کہا کہ ہم نے اپنے مخالفین سے بھی زیادہ غلطیاں کیں اور آخر میں یہ واضح فرق تھا، میرے حساب سے آغاز اچھا تھا، بارش ٹل گئی تھی اورموسم کی صورتحا ل تبدیل ہوگئی تھی، ہمارامنصوبہ یہ تھا کہ اگر ہم ٹاس جیتیں تو ہم پہلے فیلڈ نگ کریں گے اور پھر انہیں 270-280 تک محدودرکھیں گے۔
شکست کے زخموں سے چور پاکستانی کرکٹ ٹیم جمعرات کوٹاؤنٹن سے مانچسٹر پہنچ گئی ہے جہاں اتوار کو ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔
شائقین کرکٹ یہ بھی سوال کررہے ہیں کہ کیا پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں ایک بار پھر شائقین کو دھوکا دے گی یا گرتی گراتی ٹورنامنٹ کا اختتام دھماکے کے ساتھ کرے گی؟