کھیل

پاک بھا رت میچ میں فیلڈنگ واضح فرق ثابت ہو سکتی ہے: بھارتی کوچ

 
ہمیں اپنی مخالف ٹیموں پر نظر رکھنی ہو گی، راما کرشن۔ فوٹو: فائل

مانچسٹر: بھارتی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ راما کرشن کا کہنا ہے کہ ہر میچ میں فیلڈنگ بہت اہمیت کی حامل ہوتی ہے اور اتوار کو بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچ میں بھی فیلڈنگ ایک وا ضح فرق پیدا کر سکتی ہے۔

مانچسٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ راما کرشن کا کہنا تھا میرا خیال ہے ہمیں اپنی مخالف ٹیموں پر نظر رکھنی ہو گی، نہ صرف اگلے میچ میں بلکہ ورلڈکپ کے ہر میچ میں اور ہمیں اُمید ہے کہ ہماری مخالف ٹیمیں بھی یہی سوچ رکھتی ہونگی۔

راما کرشن نے کہا جب ہم اوول کے میدان میں آسٹریلیا کے خلاف میچ کھیل رہے تھے تو ہم نے ایک بڑا ہدف اسکور بورڈ پر لگانے کے باوجود فیلڈنگ میں جان لگائی اور رنز کا دفاع کیا۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں جاری حالیہ ورلڈکپ کا فارمیٹ اچھا ہے جس کی وجہ سے ہر ٹیم کے لیے ہر میچ اہم ہے۔

 پاکستان ٹیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کا کہنا  تھا کہ پاکستان نے اپنے گزشتہ میچ میں آسٹریلیا کے خلاف چار کیچ چھوڑے جس کی وجہ سے ناقدین نے پاکستان ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا، اس کے باوجود پاکستانی ٹیم پراُمید ہے کہ وہ روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ میں غلطیاں نہیں دہرائے گی۔

پاکستان ٹیم گزشتہ میچ میں آسٹریلیا کے خلاف شکست کھا کر روایتی حریف کے خلاف اتوار کو میدان میں اُ ترے گی، بھارتی ٹیم بھی مانچسٹر پہنچ چکی ہے۔

راما کرشن کا کہنا ہے کہ پاکستان سے میچ سے قبل بھارتی ٹیم کا میچ مسوخ ہونا ہمارے لئے نقصان کا باعث نہیں کیونکہ موسم کو کوئی قابو نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے دو میچز اچھے کھیلے تھے اور تیسرے میچ میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے میدان میں اترے تھے لیکن بدقسمتی سے موسم نے ساتھ نہیں دیا۔

بھارتی کوچ کا مزید کہنا تھا کہ جب نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے دوران گراؤنڈ پر گیا تو آؤٹ فیلڈ مکمل پھسلن کا منظر پیش کر رہی تھی، اگر کھلاڑی وہاں میچ کھیلتے تو یہ کھلاڑیوں کے لیے خطرے سے کم نہیں تھا، خاص طور پر ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں۔

مزید خبریں :