Time 15 جون ، 2019
پاکستان

شاہ زیب قتل کیس: شاہ رُخ جتوئی نے عمر قید کی سزا کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا


فائل فوٹو: مقتول شاہ زیب، مجرم شاہ رخ جتوئی

کراچی: شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی مجرم شاہ رُخ جتوئی نے سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔

گزشتہ ماہ سندھ ہائی کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی مجرم شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کی سزائے موت کو عمرقید میں تبدیل کیا تھا۔

شاہ رُخ جتوئی نے اپنے وکیل کے توسط سے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا اور عدالت کی طرف سے عمر قید و جرمانے کی سزا کالعدم قرار دینے کی استدعا کی۔

مجرم شاہ رخ جتوئی کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ دو افراد کے ذاتی جھگڑے پر دہشت گردی کی دفعات نہیں لگائی جاسکتیں،  ہائی کورٹ قتل اور دہشتگردی کے درمیان فرق کرنے میں ناکام رہی ہے جب کہ سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ ہر قتل دہشت گردی میں شامل نہیں ہوتا۔

واضح رہے کہ مجرمان نے 25 دسمبر 2012 کو طالب علم شاہ زیب کو قتل کیا تھا، شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کو انسداد دہشت گردی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر سزائے موت کا حکم دیا تھا۔

مقتول شاہ زیب اور مجرمان کے اہلخانہ کےدرمیان دیت پر معاملات طے ہوگئے تھے تاہم سپریم کورٹ نے دیت کو معطل کردیا تھا۔


مزید خبریں :