کھیل

پاک بھارت میچ کے ٹکٹوں کی مانگ نے کوہلی کو بھی پریشان کردیا

میچ کے ٹکٹ ابتدائی دو گھنٹوں میں ہی فروخت ہوگئے تھے اب بلیک میں ٹکٹ تین سے پانچ ہزار پاؤنڈز تک فروخت ہورہے ہیں— فوٹو: آئی سی سی

مانچسٹر: اتوار کو کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کی ٹکٹیں نایاب ہوگئیں ہیں اور ہر کوئی میچ کے ٹکٹ کے حصول کیلئے بے تاب ہے۔

جس جس کیلئے میچ کے ٹکٹ کا حصول ممکن ہے ان کے دوست و احباب نے انہیں پریشان کردیا ہے۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی بھی ٹکٹوں کی ڈیمانڈ سے پریشان ہیں۔

ہفتے کو پریس کانفرنس میں جب ان سے دریافت کیا گیا کہ انہیں کتنا مسئلہ ہوتا ہے ٹکٹوں کیلئے تو ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو محدود تعداد میں ٹکٹیں ملتی ہیں جس میں فیملی ترجیح ہوتی ہے۔

بھارتی کپتان نے کہا کہ ٹیم کی روانگی سے قبل کچھ دوستوں نے کہا کہ وہ بھی انگلینڈ آرہے تو میں نے انہیں بھی کہہ دیا کہ اپنے ٹکٹس کا بندوبست خود کرکے آئیں ورنہ گھر پر ٹی وی پر میچ دیکھیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ اولڈ ٹریفوڈ مانچسٹر میں کھیلا جائے گا جس میں 25 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، میچ کے ٹکٹ ابتدائی دو گھنٹوں میں ہی فروخت ہوگئے تھے اب بلیک میں ٹکٹ تین سے پانچ ہزار پاؤنڈز تک فروخت ہورہے ہیں۔

مزید خبریں :