کھیل

پاکستانی کرکٹرز کے شیشہ اسکینڈل کے بعد افغان کھلاڑیوں کا ریسٹورنٹ میں جھگڑا

ٹورنامنٹ میں افغان ٹیم کو اب تک کھیلے گئے پانچوں میچز میں شکست ہوئی ہے— فوٹو: آئی سی سی

ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران مانچسٹر میں پاکستانی کرکٹرز کے شیشہ اسکینڈل کے بعد افغانستان کے کھلاڑیوں کے ریسٹورنٹ میں جھگڑے کا واقعہ رونماہوا ہے۔

مانچسٹر میں یہ واقعہ اسی علاقے میں پیش آیا ہے جہاں شعیب ملک اور دیگر کرکٹرز کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی۔ منگل کی شام پریس کانفرنس میں جب افغان کپتان گلبدین نائب سے اس واقعے کے بارے میں دریافت کیا گیا تو انہوں نے لاعلمی ظاہر کی اور کہا کہ اس بارے میں سیکیورٹی آفیسر یا منیجر بتا سکتے ہیں۔

جب ان سے مزید سوالات ہوئے تو انہوں نے پریس کانفرنس سے واک آؤٹ کی دھمکی دی اور غصے میں دکھائی دیے۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کے میچ سے ایک روز قبل رات کو افغانستان کے کھلاڑی ایک ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے گئے جس دوران ایک شخص نے ان کی ویڈیو بنانے کی کوشش کی جس پر جھگڑا ہوا اور پولیس کو طلب کر لیا گیا۔

رات سوا گیارہ بجے پیش آنے والے واقعے کے بعد کھلاڑی ریسٹورنٹ سے چلے گئے۔ گریٹر مانچسٹر پولیس نے واقعے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

ٹورنامنٹ میں افغان ٹیم کو اب تک کھیلے گئے پانچوں میچز میں شکست ہوئی ہے۔

مزید خبریں :