23 جون ، 2019
لندن: جنوبی افریقا کے خلاف میچ کے لیے تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک اور فاسٹ بولر حسن علی کو ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا۔
شعیب ملک ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں اور ورلڈ کپ کے بعد انہوں نے ون ڈے سے بھی ریٹائرمنٹ لی ہوئی ہے، 38 سال کی عمر میں ان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شمولیت بھی ناممکن دکھائی دے رہی ہے۔
ورلڈ کپ میں پاکستان کیلئے 5 میں سے تین میچز ہارنے کے بعد اب غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
جنوبی افریقا کے خلاف پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، شعیب ملک کو خراب فارم کی وجہ سے ڈراپ کیا گیا جن کی جگہ حارث سہیل نے لے لی۔
آؤٹ آف فارم فاسٹ بولر حسن علی کی جگہ شاہین شاہ آفریدی نے سنبھال لی ہے، حسن علی ورلڈکپ میں اب تک نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔
پاکستانی ٹیم کی کشتی جس بھنور میں پھنسی ہوئی ہے اسے دیکھ کر سرفراز احمد کو ایک بڑے چیلنج کا سامنا ہے۔ ہمالیہ سر کرنے کیلئے پاکستانی ٹیم کو اپنے ناقدین کو غلط ثابت کرنا ہوگا۔ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے امپاسیبل مشن میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے مستقبل کا فیصلہ اتوار کی شام کو ہوم آف کرکٹ لارڈز میں ہوجائے گا۔
شکست کی صورت میں پاکستانی ٹیم کا ورلڈکپ میں سفر تقریباً ختم ہوجائے گا لیکن امید کی ہلکی کرن پھر بھی باقی رہے گی۔ پاکستان کے بعد سری لنکا کے ہاتھوں میزبان انگلینڈ کی شکست نے ٹورنامنٹ کو اوپن کردیا ہے۔