کھیل

جنوبی افریقا سے فتح: پاکستان کا سیمی فائنل میں رسائی کیلئے سفر جاری


لارڈز: دل دل پاکستان کی گونج میں قومی کرکٹ ٹیم نے ورلڈکپ کے اہم مقابلے میں جنوبی افریقا کو شکست دے دی اور اس طرح سیمی فائنل میں رسائی کے لیے گرین شرٹس کا سفر ابھی جاری ہے۔

بھارت کے ہاتھوں ایک ہفتہ قبل مانچسٹر میں ہونے والی شکست کے بعد شائقین پاکستانی کرکٹرز سے سخت ناراض تھے جس کا ردعمل لندن کے شاپنگ سینٹرز میں بھی دیکھا گیا۔

پہلے سرفراز احمد اس کی زد میں آئے، پھر امام الحق اور بابر اعظم کو مشتعل شائقین کے ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تاہم جنوبی افریقا کے خلاف جیت نے پاکستان کے کڑوروں پرستاروں کی ناراضگی وقتی طور پر ختم کردی ہے۔

اتوار کو ہزاروں لوگ پاکستان کی سپورٹ کے لیے لارڈز پہنچے جہاں وہ دن بھر نعرے لگا کر ٹیم کا لہو گرماتے رہے اور اسی ماحول میں پاکستانی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں دوسری کامیابی حاصل کی اور انگلینڈ کے بعد جنوبی افریقا کو شکست دی۔

اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کے 5 اور جنوبی افریقا کے تین پوائنٹس ہیں۔

محمد عامر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے

محمد عامر ایک مرتبہ پھر ٹورنامنٹ میں مشترکہ طور پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ہیں، انہوں نے جنوبی افریقا کے میچ میں دو انتہائی اہم وکٹیں حاصل کیں جس کے بعد میگا ایونٹ میں ان کی وکٹوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔

حارث سہیل کی 89 رنز کی میچ وننگ اننگز اور شاندار بولنگ پاکستان کو ٹورنامنٹ میں واپس لے آئی اور پاکستان اب بھی سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہے لیکن مزید اچھی کارکردگی ہی پاکستان ٹیم کو مشکل سے نکال سکتی ہے۔

پاکستان کو بقیہ تین میچوں میں نیوزی لینڈ، افغانستان اور بنگلہ دیش کو شکست دینا ہوگی۔ ورلڈ کپ میں پانچواں میچ ہار کر افغانستان کے بعد جنوبی افریقا کی ٹیم بھی ایونٹ سے باہر ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقا کو 49 رنز سے ہرادیا ہے۔

مزید خبریں :