Time 28 جون ، 2019
کھیل

ٹیم اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے اورافغان حریف کو آسان نہ لے: وسیم اکرم

لیڈز میں موسم خشک اور گرم ہے، ایسی صورتحال میں افغانستان کے اسپنرز خطرناک ہوسکتے ہیں، سوئنگ کے سلطان کی گفتگو — فوٹو: فائل 

لیڈز: سوئنگ کے سلطان و سابق کرکٹر وسیم اکرم گرین شرٹس کو افغانستان کے خلاف میچ کے لیے مشورہ دیا ہے کہ قومی ٹیم اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے اور حریف کو آسان نہ لے۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کا افغانستان کے خلاف میچ بہت اہم ہے اور افغان ٹیم خطرناک ہے کیوں کہ ان کے پاس کھونے کے لیے کچھ نہیں لہٰذا قومی ٹیم اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے اور حریف کو آسان نہ لے۔

انہوں نے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے خلاف میچز کی طرح صلاحیتوں اور اعتماد کا مظاہرہ کریں، باڈی لینگویج کو کمزور نہ کریں ورنہ مشکل ہوگی۔

سابق کپتان نے کہا کہ لیڈز میں موسم خشک اور گرم ہے، ایسی صورتحال میں افغانستان کے اسپنرز خطرناک ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ ٹیم منیجمنٹ نے اسپنرز کے خلاف پلان تیار کیا ہوگا۔

وسیم اکرم نے اوپنرز کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ فخر زمان اور امام الحق میں سے ایک کھلاڑی کو سنچری کرنا ہوگی اور دونوں اوپنرز کو وکٹ پر رک کر رنز کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کو اندازہ ہوگیا ہے کہ وہ میچ ختم کرسکتا ہے لہٰذا اچھا کمبی نیشن بن چکا ہے، اسی کے ساتھ جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جنہیں گیم اور حکمت عملی کا نہیں علم، وہ یہ باتیں کرتے ہیں کہ کوئی ٹیم جان بوجھ کر ہار سکتی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان ہیڈنگلے میں افغانستان کے خلاف اہم میچ ہفتے کو کھیلے گا۔

مزید خبریں :