02 جولائی ، 2019
لندن: قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ میں اب ہمارے ہاتھ میں کچھ بھی نہیں ہے اور پاکستانی ٹیم دیگر ٹیموں پر انحصار کر رہی ہے۔
منگل کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وہ افسردہ ہیں کہ انہیں افغانستان کے خلاف میچ میں اہم موقع پر غلطی کر کے رن آوٹ نہیں ہونا چاہیے تھا، ان کی اس غلطی سے پاکستانی ٹیم شکست کے دوراہے پر آگئی تھی، کروڑوں شائقین کے دلوں کی دھڑکنیں تیز ہو گئیں تھیں اور دل کے عارضے میں مبتلا لوگوں نے ٹی وی بند کر دیئے تھے۔
انہوں نے افغانستان کے خلاف میچ میں اہم موقع پر رن آوٹ ہونے کی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میرے رن آوٹ پر تنقید ہونا درست ہے، میرا دوسرا رن لینا نہیں بنتا تھا اور دوسرا رن لینا میری غلطی تھی۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ بھارت کے خلاف ہار کے بعد کھلاڑیوں کو متحرک کرنے کے کوشش کی اور میرے بات کرنے سے کھلاڑیوں کو فائدہ ہوا، سب نے مل کر فتوحات کو ممکن بنایا، میں نےکھلاڑیوں کو بتایا تھا کہ ہم کہیں نہ کہیں غلطی کر رہے ہیں۔
سرفراز احمد نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ کے بعد آج ہم اچھی پوزیشن پر کھڑے ہوئے ہیں، یہ کارکردگی کسی ایک کھلاڑی کی کوشش نہیں ہے، یہ مکمل طور پر ٹیم اسپرٹ کا نتیجہ ہے، اللہ تعالی کا خصوصی کرم اور رحمت ہمارے ساتھ ہے، ناقدین نے ہمیں ٹارگٹ کیا اور اللہ تعالی نے ہمارا ہاتھ تھام لیا اس لیے کہتے ہیں کہ مارنے والے سے بچانے والا بڑا ہوتا ہے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ اللہ کے کرم سے لڑکوں کی محنت رنگ لا رہی ہے اور ہم اچھی پوزیشن میں ہیں، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھی اسی کرم کی وجہ سے ہماری ڈوبتی ہوئی کشتی کنارے لگ گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ٹیم میں کمال یکجہتی ہے، کھلاڑی ایک دوسرے کو سپورٹ کر رہے ہیں، ٹیم کو گرانے کے لیے ٹیم میں گروپنگ کی کہانیاں گھڑی گئیں لیکن اللہ کا شکر ہے تمام سازشیں بے نقاب ہوئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر ٹیم کی طرح ہم بھی برا کھیل سکتے ہیں لیکن کوئی گروپنگ نہیں ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہمارے آخری میچ سے قبل دیگر ٹیموں کی پوزیشن واضح ہو جائے گی، اگر بنگلا دیش کے میچ سے قبل ہمارے لیے چانس ہوا تو سیمی فائنل کھیلنے کے لیے سر دھڑ کی بازی لگا دیں گے، جان ماریں گے تاکہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکیں۔
بنگلا دیش کے خلاف میچ سے متعلق سوال پر کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہم بنگلا دیش سے گزشتہ چاروں میچ ہارے ہوئے ہیں، وہ اس وقت اچھی کرکٹ کھیلے ہوئے آ رہےہیں، پانچ دن کا وقفہ ہے، کوشش کریں گے کہ بنگلا دیش کے خلاف اچھی تیاری کے ساتھ اتریں اور ٹورنامنٹ میں پانچویں کامیابی حاصل کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ میں اب ہمارے ہاتھ میں کچھ نہیں ہے، انگلینڈ ہی ایسی ٹیم ہے جو چوتھی پوزیشن کے لیے پاکستان کے ہم پلہ ہو سکتی ہے، بھارت اور آسٹریلیا ٹاپ دو ٹیموں میں آ سکتی ہیں، پھر پاکستان، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ میں مقابلہ ہو سکتا ہے، اس وقت ہم دیگر ٹیموں کی کارکردگی پر انحصار کر رہے ہیں لیکن بنگلا دیش کے میچ میں اپنے شائقین کو مایوس نہیں کریں گے۔