03 جولائی ، 2019
ہری پور کے قریب تربیلا جھیل میں طغیانی کے باعث کشتی الٹنے سے بچوں اور خواتین سمیت چھ افراد جاں بحق ہو گئے۔
ڈی آئی جی ہزارہ محمد علی بابا خیل نے بتایا کہ مسافر تورغر سے ہری پور جا رہے تھے کہ برگ کے مقام پر تیز ہواؤں اور جھیل میں طغیانی کے باعث ان کی کشتی الٹ گئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق حادثے کے وقت کشتی میں 50 کے قریب افراد سوار تھے، کشتی الٹنے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے 4 بچوں اور دو خواتین کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق 15 مسافروں نے تیر کر جان بچائی جب کہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔
امدادی کارروائیوں میں میں پاک آرمی سمیت نوشہرہ، ہری پور اور پشاور کی ریسکیو ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں تاہم اندھیرا ہونے کے باعث امدادی آپریشن روک دیا گیا ہے جسے کل صبح دوبارہ سے شروع کیا جائے گا۔