19 جولائی ، 2019
اسلام آباد: ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کے موقع پر مریم نواز کی جانب سے نواز شریف کی تصویر والا لباس عوام کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کی سماعت کے موقع پر عدالت میں پیشی کے لیے احتجاج کا نیا انداز اپنایا جس میں انہیں کالے رنگ کے کُرتے میں ملبوس دیکھا گیا۔
احتساب عدالت میں پیشی کے وقت مریم نواز کے کالے کُرتے پر سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تصویر بنی ہوئی تھی جس پر ’بے گناہ نواز شریف کو رہا کرو‘ کے الفاظ بھی تحریر تھے۔
عدالت میں مریم نواز کا یہ احتتجاجی انداز لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا۔
یاد رہے کہ آج مریم نواز کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کرنے سے متعلق کیس کی سماعت احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر کی عدالت میں ہوئی۔
احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر مبینہ جعلی ٹرسٹ ڈیڈ سے متعلق درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا۔