Time 03 جنوری ، 2025
پاکستان

وزیراعظم نے پاکستان میری ٹائم اینڈ سی پورٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیدی

وزیراعظم نے پاکستان میری ٹائم اینڈ سی پورٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیدی
فوٹو: فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میری ٹائم اینڈ سی پورٹ اتھارٹی کے قیام سمیت میری ٹائم سیکٹر پر ٹاسک فورس کی اہم سفارشات کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق بحری امور کی بحالی اور انہیں بہتر بنانے کے لیے پاکستان میری ٹائم اینڈ سی پورٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔ 

ماہر قانون دان فروغ نسیم ایکٹ کا مسودہ تیار کریں گے، منظور ہونے والی سفارشات کے مطابق وزارت بحری امور اور کے پی ٹی تجاویز پیش کرکے قوانین میں ترمیم کے لیےکابینہ سے منظوری لیں گے۔

وزیراعظم نے کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی اور گوادر پورٹ اتھارٹی میں پروفیشنل چیف ایگزیکٹو آفیسرزکی تقرری اور نیشنل لاجسٹکس سیل کو پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے کاروباری ماڈل تیار کرنے کی ہدایت کی۔

پی این ایس سی کے حصص کی آف لوڈنگ یا مکمل نجکاری پر تجاویز شامل ہیں، یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ بین الاقوامی خریداروں کے بجائے پاکستان کے نجی شعبے کو پی ین ایس سی میں حصص کی پیشکش کی جائے گی۔

ٹاسک فورس کی سفارشات میں پی این ایس سی کو فوری طور پر اپنے بیڑے کو جدید جہازوں سے تبدیل کرنے اور بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔

تجاویز میں شامل ہے کہ پی ین ایس سی کے 5 سالہ کاروباری منصوبے میں جامع بیڑے کی تجدید کا منصوبہ تیار کیا جائے گا، کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کے ساتھ کنٹینر جہازوں کی ملک میں تیاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ پی این ایس سی دیگر مرچنٹ شپنگ سیکٹرز میں داخل ہونے کے مواقع تلاش کرے گا۔ 

ابتدائی طور پر خوردنی تیل کی شپنگ، کنٹینرائزڈ شپنگ اور ایل پی جی شپنگ پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

چینلز کی صفائی اورفنڈز کے لیے قومی ڈریجنگ پلان تیار کرنے اور ویسل ٹریفک منیجمنٹ سسٹم کی خریداری اور تعیناتی کو تیز کیا جائے گا جبکہ مقامی جہاز سازی کے منصوبوں کے لیے مشینری اور آلات پر ٹیکس کم کرنے کی سفارشات بھی منظور کی گئی ہیں۔

مزید خبریں :