پاکستان
Time 27 جولائی ، 2019

شمالی وزیرستان: سرحد پار سے دہشتگردوں کی فائرنگ، پاک فوج کے 6 جوان شہید


راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سرحد پار فائرنگ سے پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک افغان سرحد پر شمالی وزیرستان کے علاقے گرباز کے قریب سرحد پار سے پاک فوج کی بارڈر پیٹرولنگ پارٹی پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں حوالدار خالد، سپاہی نوید ، سپاہی بچل، سپاہی علی رضا، سپاہی ایم بابر اور سپاہی احسن شامل ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا بیان

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے بیان میں کہا ہےکہ پاکستان خطے کے امن کے لیے قربانیاں دے رہا ہے، قبائلی علاقوں کی سیکیورٹی صورتحال بہتر ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چند دشمن عناصر بلوچستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں، دشمن عناصر کی بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش ان شاءاللہ ناکام ہوگی۔

وزیراعظم کی تعزیت

وزیراعظم عمران خان نے شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں شہید 10 جوانوں کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ شہید فوجی جوانوں کو خراچ عقیدت پیش کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ تمام شہدا کے درجات بلند فرمائے، شہید جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

مزید خبریں :