Time 29 جولائی ، 2019
کھیل

امام الحق کو بتادیا ایسا رویہ قابل قبول نہیں، ایم ڈی پی سی بی

میری امام الحق سے بات ہوئی ہے، وہ معافی مانگ رہا تھا کہ اس سے غلطی ہوئی معاملہ غلط فہمی کی بناء پر آگے بڑھا، وسیم خان— فوٹو: فائل

‏لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) وسیم خان کا کہنا ہے کہ اوپنر امام الحق سے ان سے متعلق جاری اسکینڈل پر بات ہوئی وہ اپنی غلطی تسلیم کررہا ہے۔

وسیم خان نے کہا کہ میری امام الحق سے بات ہوئی ہے، وہ معافی مانگ رہا تھا کہ اس سے غلطی ہوئی، امام الحق نے بتایا کہ معاملہ غلط فہمی کی بناء پر آگے بڑھا ہے۔

ایم ڈی پی سی بی نے کہا کہ انہوں ںے ‏امام الحق کو بتا دیا ہے کہ پی سی بی اب کیا معیار چاہتا ہے۔ وسیم خان نے کہا کہ ہم نے امام الحق کو بتا دیا ہے کہ ایسا رویہ قابل قبول نہیں ہے، وہ پاکستان کے سفیر ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کپتان سرفراز احمد کے مستقبل کا فیصلہ 2 اگست کے اجلاس میں نہیں ہو گا، سری لنکا کے خلاف سیریز ستمبر کے آخر میں ہے، ابھی کوئی جلدی نہیں، کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں ہیڈ کوچ، سپورٹ اسٹاف اور سلیکشن کمیٹی پر تجاویز بنائیں گے، ابھی ہم نے صرف کارکردگی کا جائزہ لینا ہے پھر فیصلے کرنے ہیں۔

وسیم خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی درمیانے درجے کی ہے، اس میں تسلسل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) جنرل کونسل کی میٹنگ جلد بلا رہے ہیں، فرنچائز کے ساتھ مل کر پلاننگ کر رہے ہیں، پی ایس ایل اجلاس میں تاخیر ہونا قابل قبول نہیں، فرنچائز نے سرمایہ کاری کی ہوئی ہے ان کے خدشات دور کریں گے، فرنچائز کے ساتھ لانگ ٹرم تعلق قائم کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

وسیم خان نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کا نیا ڈھانچہ لاگو کرنے کیلئے پی سی بی کے آئین میں ترامیم کی ضرورت ہے، آئین میں ترامیم کیلئے ہمیں وزیرا عظم کی طرف سے جواب کا انتظار ہے، آئین میں ترامیم کے بعد کھلاڑیوں کے تحفظات بھی دور کریں گے۔

مزید خبریں :