Time 01 اگست ، 2019
پاکستان

مریم نواز کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کیلئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ

فائل فوٹو: مریم نواز

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو پارٹی عہدے سے ہٹانے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کے پارٹی عہدے سے متعلق درخواست کی سماعت کی جس میں (ن) لیگ کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ قانون کے مطابق صرف پارٹی الیکشن چیلنج ہوسکتا ہے، پارٹی کی جانب سے کی گئی نامزدگیاں چیلنج نہیں کی جا سکتیں، مریم نواز کی نامزدگی قانون کے مطابق کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے ممبر خیبرپختونخوا ارشاد قیصر نے وکیل سے استفسار کیا کہ مریم نواز کی نامزدگی کس قانون کے تحت ہوئی اس کا حوالہ بھی دیں جب کہ ممبر پنجاب الطاف قریشی کا کہنا تھا کہ آپ تسلیم کر رہے ہیں کہ مریم نواز کی نامزدگی ہوچکی ہے، پہلے آپ کہتے تھے تعیناتی ہوئی ہے تو درخواست گزار نوٹیفکیشن دے۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے مریم نواز کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا جو 27 اگست کو سنایا جائے گا۔

واضح رہےکہ مریم نواز کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کے لیے تحریک انصاف نے درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ مریم کی بطور پارٹی نائب صدر تقرری آئین و قانون سے متصادم ہے، وہ کسی بھی سیاسی و عوامی عہدے کے لیے نااہل ہیں۔

مزید خبریں :