گلوبل ٹی 20 لیگ: عمر اکمل کا سابق ٹیسٹ کرکٹر کی جانب سے فکسنگ کی پیشکش کا دعویٰ


قومی ٹیم کے ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل نے گلوبل ٹی ٹوئنٹی کینیڈا لیگ کے دوران سابق ٹیسٹ کرکٹر کی جانب سے فکسنگ کی پیشکش کا دعویٰ کیا ہے۔

گلوبل ٹی 20 لیگ میں پاکستان کے عمر اکمل سمیت 9 کرکٹرز ایکشن میں ہیں۔

فکسکنگ کی پیشکش کرنے والوں میں ایک شخص کا نام کرش بتایا جا رہا ہے جس کا تعلق بھارت سے ہے جب کہ دوسرا شخص سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر منصور اختر ہے۔

اطلاعات کے مطابق عمر اکمل نے منصور اختر کے حوالے سے ٹی ٹوئنٹی لیگ کی انتظامیہ کو رپورٹ پیش کی ہے کہ انہیں منصور اختر کی جانب سے کرپشن میں ملوث ہونے کی پیش کش کی گئی ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ امریکا میں مقیم 61 سالہ منصور اختر گلوبل ٹی 20کینیڈا لیگ میں ’ونی پیگ ہاکس‘ کے آفیشل تھے، اسی ٹیم کے لیے عمر اکمل کھیل رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جب منصور اختر نے کرپشن میں ملوث ہونے کی پیشکش کی تو عمر اکمل نے پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ اور بعدازاں گلوبل کینیڈا لیگ کے منتظمین کو مطلع کیا۔

منصور اختر جو 1980ء سے 1990ء تک پاکستان کے لیے 19 ٹیسٹ اور 41 بین الاقوامی ون ڈے کھیلے، کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ میں نے عمر اکمل سے ملاقات کر کے ان کے ساتھ امریکا میں ہونے والی لیگ کے حوالے سے گفتگو کی، حیران ہوں کہ انہوں نے میرا نام کیسے لے لیا۔

دوسری طرف گلوبل ٹی 20 میں شامل تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کو اینٹی کرپشن یونٹ نے کرش اور منصور اختر سے دور رہنے اور رابطہ کرنے کی صورت میں فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں :