07 فروری ، 2012
اسلام آباد … پاکستان کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، توقع ہے ون ڈے سیریز بھی جیتے گی۔ شاہد آفریدی نے ان خیالات کا اظہار اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے انسدادِ منشیات کی جانب سے انہیں قومی خیرسگالی سفیر مقرر کیے جانے کی تقریب کے دوران اسلام آباد میں کیا۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی ٹیم کی کارکردگی سے محظوظ ہورہے ہیں اور ان کا اپنا ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم خاص طور پر اسپنرز نے انگلینڈ کے خلاف زبردست کارکردگی دکھا کر قوم کی عزت رکھی ہے، ٹیم متحد نظر آئی ہے، اللہ کرے آئندہ بھی اسی طرح کھیلتی رہے۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی یہی کارکردگی رہی توون ڈے سیریز بھی جیتے گی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر انہیں کپتانی کی پیش کش کی گئی تو کیاوہ قبول کرلیں گے تو شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ وہ قربانی کا بکرا بن چکے ہیں دوبارہ نہیں بنیں گے۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بطور خیر سگالی سفیر وہ نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنے کے لئے کھیل کے میدانوں میں لائیں گے تاکہ ملک کو عمران خان، جاویدمیاں داد اور وسیم اکرم جیسے کھلاڑی مل سکیں۔ پاکستان میں اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے انسدادِ منشیات کے نمائندہ جرمی ڈگلس کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی منشیات کے خلاف آواز اٹھانے کے لئے رول ماڈل ہیں۔